اسلام آباد (سٹی نیوز جلالپوربھٹیاں) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تین مراحل میں تعلیمی ادارے کھولنے اور مئی، جون میں امتحانات کے انعقاد کا اعلان کردیا۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ پہلے تعلیمی ادارے 11 جنوری کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن کورونا کی دوسری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 18 جنوری سے تین مراحل میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ پہلے ان کلاسز کے امتحانات مارچ اور اپریل میں ہونے تھے لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ بورڈ کے پیپرز مئی اور جون میں ہوں گے، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ بچوں کا کورس ورک مکمل ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت تک کو 18 جنوری کو بلایا جائے گا۔ یہ وہ کلاسز ہیں جن کے آگے چل کر امتحانات ہونے ہیں۔ 11 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن طلبہ نہیں آئیں گے بلکہ سٹاف اور اساتذہ آسکتے ہیں۔ اساتذہ اگر چاہیں تو جن بچوں کے امتحانات ہوں گے ان کا آن لائن یا کسی اور طریقے سے کورس ورک پورا کروا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ 18 جنوری کو تعلیمی ادارے کھولنے سے پہلے 14 یا 15 جنوری کو ایک بار پھر اجلاس طلب کرکے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ 25 جنوری کو پرائمری سے آٹھویں تک جبکہ یکم فروری کو ہائر ایجوکیشن کے ادارے جن میں یونیورسٹیز اور پوسٹ گریجوایٹ کالجز شامل ہیں، کھول دیے جائیں گے۔
0 Comments